ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اُترکنڑا میں 28 مقامات پر پینے کا پانی آلودہ ؛ بیماریوں کی روک تھام کے لئے مچھروں کا خاتمہ ضروری :کاروار میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کا بیان

اُترکنڑا میں 28 مقامات پر پینے کا پانی آلودہ ؛ بیماریوں کی روک تھام کے لئے مچھروں کا خاتمہ ضروری :کاروار میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کا بیان

Sat, 21 Jul 2018 12:09:04    S.O. News Service

کاروار 21؍جولائی (ایس او نیوز)ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر جی این اشوک کمار نے وبائی امراض کی روک تھام کے سلسلے میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانی زندگی سے بیماریاں دور کرنے کے لئے مچھروں کا خاتمہ لازمی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مچھروں کی وجہ سے انسانوں کو بہت ساری ہلاکت خیز بیماریاں لاحق ہوتی ہیں۔صرف 21دن زندہ رہنے والا مچھر اپنی افزائش کے لئے انسانوں اور جانوروں کا خون استعمال کرتا ہے۔اور یہ چیز کبھی کبھی جان لیوا بھی ہوجاتی ہے۔اس لئے مچھروں کی پیدائش اور افزائش کے لئے کوئی موقع نہ دیا جائے جس کے لئے اپنے ماحول اور اطراف کو پاک وصاف رکھنا ضروری ہے۔محکمہ صحت عامہ کی جانب سے مچھروں پر قابو پانے کے لئے کئی پروگرام ضلع سطح پر سال بھر چلائے جاتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع میں28مقامات پر گٹر کے پائپ ٹوٹنے کی وجہ سے پینے کا پانی آلودہ ہونے کی رپورٹ ضلع ڈپٹی کمشنر کو دے دی گئی ہے۔

وبائی امراض پر قابو پانے کے سلسلے میں ڈاکٹر رمیش راؤ نے بتایا کہ پانی کے بہاؤ کے بغیر ایک جگہ جمع ہونا ہی مچھروں کی نشو ونما کا سبب بنتا ہے۔ اس لئے عوام کو چاہیے کہ اپنے آس پاس پانی کو ٹھہری ہوئی حالت میں رہنے کا موقع نہ دیں۔اب تک ڈینگی، ملیریا، دماغی بخار، چوہوں کے بخار جیسے وبائی امراض کے بارے میں عوام کے اندر بیداری کی مہمات چلائی گئی ہیں۔ان امراض کے تعلق سے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہیے۔

اس موقع پر ڈینگی بخار جیسی جان لیوا بیماری پر قابو پانے اور ماحول کو صاف ستھرارکھنے کے سلسلے میں محکمہ صحت عامہ وخاندانی بہبود، ضلع انتظامیہ اور ضلع پنچایت کے اشتراک سے ایک مہینے تک چلائے جانے والے ڈینگی مخالف’ جاتھا‘ کو رکن اسمبلی روپالی نائک نے ہری جھنڈی دکھائی۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی پر قابو پانے کی تدابیر کے سلسلے میں مسلسل بیداری لائی جارہی ہے ، اب عوام کو چاہیے کہ وہ اپنی صحت کی حفاظت کے لئے خود اپنے طور پر عملی اقدامات کریں۔اور خاص کرکے ماحول کی صفائی و ستھرائی پر خاص دھیان دیں۔

اس موقع پر ضلع پنچایت معاون سکریٹری آر جی نائک ، ڈی ایچ او ڈاکٹر اشوک کمار، ڈاکٹر رمیش اور ڈاکٹر ونود وغیرہ موجود تھے۔


Share: